ناگر موتھا کیا ہے

موتھان گھاس:
موتھان گھاس جسے ناگرموتھا، بھدر موتھا اور پنچاب کے عِلاقے میں ڈیلا گھاس کا نام دیا جاتا ہے۔ خوشبو دار اور موسمِ برسات میں خودبخود پیدا ہونے والی گھاس ہے۔ زمیندار بھائی اس قیمتی گھاس کے اپنی گائے بھینسوں کو چارہ کے طور پر استعمال کرتے ہیں، دودھ دینے والے جانور اس کے استعمال سے ریح بائے بادی اور زہرباد کے اثر سے محفوظ رہتے ہیں، اس کے استعمال سے دودھ خوشبو دار اور مِقدار میں زیادہ ہو جاتا ہے۔ فٹ ڈیڑھ فٹ اونچی یہ گھاس لمبے تنّے، چند لمبے لمبے پتّوں اور سر پر صلیبی نشان والی چھتری سے آسانی سے پہچانی جاتی ہے۔ پنجاب اور سندھ کے نہری عِلاقوں میں اس کی بڑی قِسم تاگرموتھا کثرت سے پیدا ہوتی ہے، جس کی سیاہ سُرخی مائل جڑ موٹی اور پانچ چھ انچ تک لمبی ہو جاتی ہے۔ چھوٹی قِسم جس کی جڑ گول لمبوتری بیر کی گٹھلی کے برابر ہوتی ہے، بنجر عِلاقوں میں پیدا ہوتی ہے، اس کا عربی نام سعد ہے اور کوفہ کے آبی عِلاقوں میں پیدا ہونے والی گھاس کی جڑیں زیادہ خوشبودار اور رس والی ہوتی ہیں۔ یونانی حکیم اپنے نسخوں میں عموماً سعدکوفی ہی تحریر کرتے ہیں۔
اس کا پتّہ چبانے سے مُنہ خوشبودار اور ڈکار آنے لگتے ہیں۔ تبخیر کے مریضوں باغوں اور سبزہ زاروں سے گُزرتے وقت دو تین پودوں کی جڑیں اُکھاڑ کر مٹی صاف کر کے نہار مُنہ کھائیں تو اُنھیں فائدہ ہوتا ہے۔ دواخانوں سے خریدتے وقت تازہ اور تیز تلخ مزے والی جڑ خریدنی چاہیے۔ اس کا مِزاج گرم اور خشک ہے اور اس کے استعمال سے معدہ سخت چیزیں ہضم کرنے لگتا ہے۔
1۔ جب معدہ کمزور ہو کر ہاضم رطوبتیں کم مِقدار میں تراوش پانے لگیں، مُنہ میں پانی بھر بھر آتا ہو اور غذا کھانے کو دل نہ چاہتا ہو تو 3 گرام سے 12 گرام تک خشک جڑ ذرا ذرا کوٹ کر ڈیڑھ دو کپ پانی میں دو تین جوش دے کر چھان کر میٹھا مِلا کر بطور چائے صبح کے وقت چند روز استعمال کرنے سے گیس دُور، معدہ ہلکا اور طبیعت کام کاج کرنے کی طرف رغبت کرنے لگتی ہے۔
2۔ اس کی جڑ 6 تا 12 گرام کے ساتھ آڑو کے تین سے سات پتّے ڈیڑھ تا دو کپ پانی میں جوش دے کر اس کا پانی میٹھا مِلا کر اور دوبارہ اس پھوس میں اتنا پانی ڈال کر بِھگو رکھیں۔ شام چار بجے پھر اسے دوسری مرتبہ جوش دے کر چھان کر میٹھا مِلا کر چند روز متواتر استعمال کر لینے سے انتڑیوں کے چھوٹے بڑے کیڑے خارج ہو جاتے ہیں۔
3۔ اگر دست قے آنے لگیں یا بدہضمی ہو جائے تو ناگرموتھا 3 تا 9 گرام اور پودینہ خشک 6 تا 12 گرام تک ایک کپ پانی میں جوش دے کر ٹھنڈا اور چینی سے میٹھا کر کے گھونٹ گھونٹ پیتے رہنے سے دو چار گھنٹوں میں ہی دست قے بند، پیاس کم اور بے چینی دُور ہونے لگتی ہے۔

Comments

Popular Posts