نمکیات کیا ہیں

نمکیات (Salts):
نمکیات (سالٹس) بھی تندرُستی کو قائم رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ یہ غذا کو ہضم کرنے کے علاوہ خون کو صحیح حالت میں رکھتے ہیں، چناچہ کیلشیم، سوڈیم، پوٹاشیم، لوہا، فاسفورس وغیرہ بہت سے نمکیات ہیں جو ہمارے خون میں شامل ہو کر مختلف قِسم کے کیمیاوی اعمال انجام دیتے ہیں۔ کیلشیم خون کے قوام کو صحیح حالت میں رکھتا، ہڈیوں کو مضبوط بناتا اور بدن کو طاقت بخشتا ہے۔ سوڈیم ہضمِ غذا میں مدد دیتا اور معدے کی ہاضم رطوبت کو بڑھاتا ہے، پوٹاشیم جِسم کے عضلات کو صحیح حالت میں رکھتا اور ان کو دُبلا ہوتے سے بچاتا ہے، لوہا خون کی سُرخی کو قائم رکھتا اور بدن کو طاقت دیتا ہے، فاسفورس جِسم کی بڑھوتری میں مدد دیتا ہے۔
ہمارے جِسم سے روزانہ پیشاب اور پسینہ کی راہ جس قدر نمکیات نکلتے رہتے ہیں، ان کا بڑا حصّہ روزانہ کی غذاؤں میں نمک کھا کر پورا کر لیا جاتا ہے، لیکن دوسرے مذکورہ بالا نمکیات کچھ تو موادِ مُلحِمہ کھا کر حاصِل کر لیے جاتے ہیں اور جو کچھ کمی رہ جاتی ہے، وہ پھل، سبز ترکاریاں اور ساگ پات کھا کر پوری کی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جو شخص صرف گوشت انڈے اور مچھلی کھاتا ہے اور پھل اور سبز ترکاریاں اس کو میّسر نہیں آتیں تو اس کے جِسم میں اوپر لِکھے ہوئے معدنی نمکیات کم ہو جاتے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کے مختلف قِسم کی بیماریاں لگ جاتی ہیں خصوصاً سکربوط جیسے مرض میں گھِر جاتا ہے، جس میں مریض کا خون خراب ہو جاتا ہے، اس کے مسوڑھے سوج کر پلپیلے پڑ جاتے اور ان سے خون بہنے لگتا ہے اور دل کمزور ہر جاتا ہے۔
پانی:
اگرچہ پانی بھی ہماری زندگی اور تندرُستی کے لیے نہایت ضروری ہے، ہوا کے بعد اسی کا درجہ ہے۔ ہمارے جِسم میں تمام وزن کا دو تہائی پانی ہی ہے۔ یہ غذا کے ہضم ہونے میں مدد دیتا ہے اوپر لکھے ہوئے غذائی اجزاء کو باریک سے باریک رگوں تک پہنچانے کے لیے بطور بدرقہ (رہنما) کام دیتا ہے، لیکن چونکہ یہ غذائیت نہیں رکھتا، اس لیے غذائی اجزاء میں شمار نہیں کیا جاتا ہے۔

Comments

Popular Posts